ایس بی ایس کی نئی پیشکش "دا ہنٹنگ" انٹرنیٹ کے منفی استعمال اور والدین کو انٹرنیٹ کے ذریعے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں آگاہی کے لئے بنائی گئی ہے۔
چار حصوں پر مشتمل یہ ٹی وی سیریز سن دو ہزار سولہ میں آسٹریلیا میں ہونے والے حقیقی واقعے پر مبنی ہے، جس میں ستٌر سے زائد آسٹریلین اسکولوں کی طالبات کو فحش مواد کے ذریعے بلیک میل کرنے والے ایک گروہ نے نشانہ بنایا تھا۔
یہ گروہ نوجوان لڑکوں پر مشتمل تھا جو لڑکیوں کی نامناسب اور عریاں تصویروں کے ذریعے انھیں نشانہ بناتا تھا۔ تقریباٌ دو ہزارتصویروں کے علاوہ لڑکیوں کے نام پتہ اور دیگر تفصیلات کو شیئر کیا جاتا تھا۔
مزید جانئے

بچوں کو آن لائین کیسے محفوظ رکھیں؟
قابلِ اعتراض تصاویر کے ذریعے ہراساں کرنا یا امیج بیسڈ ابیوز کیا ہے؟ کسی کی بغیر اجازت نامناسب یا عریاں تصویروں کو انٹرنیٹ پر شائع یا شیئر کرنا "امیج بیسڈ ابیوز" یا تصویری زیادتی کہلاتا ہے۔ عام طور پر اسے "ریوینج پورن" بھی کہا جاتا ہے۔
ماضی میں آسٹریلیا میں "امیج بیسڈ ابیوز" یا تصویری زیادتی پر مناسب قوانین موجود نہیں تھے، لیکن اب انھیں تبدیل کیا جارہا ہے۔ امیج بیسڈ ابیوز کرنے والے پر سات سال اور بھاری جرمانہ کی سزا لاگو کی گئی ہے۔
سال 2017 میں ای۔سیفٹی کمشنر کے آفس نے آن لائن پورٹل تشکیل دیا جس میں امیج بیسڈ ابیوز کے متاثرین کی امداد کے لئے عملی طریقے اور ہدایات مہیا کی گئیں۔
اس کے علاوہ ایک رپورٹ بھی شائع کی گئی جس میں یہ بتایا گیا کہ بغیر اجازت انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر خواتین کی تصویریں زیادہ شیئر کی جاتی ہے۔
ٹی وی سیریز پہلی اگست کو ریلیز ہورہی ہے۔