پریمئر کی جانب سے جاری میڈیا ریلیز کے مطابق دو ہفتے قبل جاری کی گئی بزنس گرانٹ میں اب مزید اضافہ کیا گیا ہے اور اب ایک کروڑ ڈالر تک کی سالانہ تنخواہیں دینے والے کاروباروں کے لیے 7500 سے 15000 ڈالر کے گرانٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 30000 ڈالر سے 75000 ڈالر ٹرن اوور والے کاروباروں کے لیے بھی الگ سے پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہزاروں ملازمین کے لیے 2.1 بلین ڈالر پر مشتمل امپلائی اینڈ بزنس سپورٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کا نصف حصہ دولت مشترکہ یعنی وفاقی حکومت ادا کرے گی۔ 1.2 ملین ڈالر سے 10 ملین ڈالر تنخواہوں والے کاروبار جن کے ٹرن اوور میں 30 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، ان کو پے رول ٹیکس کی مد میں 25 فیصد چھوٹ دی جائے گی۔
میڈیا ریلیز کے مطابق نیو ساوتھ ویلز حکومت کووڈ ہاٹ سپاٹس سے باہر بھی کال ڈاون کے چوتھے ہفتے سے کووڈ ڈزاسٹر کی امداد فراہم کرے گی۔
گھریلو کرایہ داروں کو بھی اس پیکج کے تحت فائدہ پہنچایا گیا ہے۔ پیکج میں کرایہ داروں کو لاک ڈاون کے دوران کرایوں میں چھوٹ دینے والے مالکان بھی 1500 ڈالر کی امداد ھاصل کر سکیں گے یا پھر اپنے لینڈ ٹیکس میں سے کٹوتی کروا سکتے ہیں۔ کمرشل اور ریٹیل مالکان کو بھی پبلک ہیلتھ آرڈر کے دوران کرایہ کم لینے کی صورت میں لینڈ ٹیکس میں کمی کی جائے گی۔
نیو ساوتھ ویلز کی پریمئر کا کہنا تھا، "ہم نے ہمیشہ سے کہا ہے کہ ہم نیو ساوتھ ویلز کے لوگوں اور معیشت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے اور یہی ہم کر رہے ہیں۔"
دوسری جانب خزانچی ڈومینک پرٹیٹ کا کہنا تھا، "اتنا بڑا پیکج اس لیے دیا گیا ہے کہ نیو ساوتھ ویلز کی معیشت اس بحران کے دوران کم تو ہو لیکن بالکل رک نہ جائے۔"
اس کے علاوہ پیکج میں مندرجہ ذیل نکات بھی شامل ہیں:
- کلبز اور ہوٹل کے گیمنگ ٹیکس جانچنے کی تاریخ بالترتیب 21 دسمبر 2021 اور 21 جنوری 2022 تک موخر کر دی گئی ہے۔
- کریٹ نیو ساوتھ ایلز کی جانب سے پرفارمنگ آرٹس کے لیے 75 ملین ڈالر کا پیکج۔
- رہائشی سیکٹر کے لیے 26 ملین ڈالر امداد کا اعلان، علاوہ ازیں 12 ملین ڈالر بے گھر ہونے کی صورت میں عارضی رہائش کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
- 5.1 ملین ڈالر ذہنی صحت کے لیے نیو ساوتھ ویلز فنڈنگ کو دیے گئے ہیں۔